پرتھ۔سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں بھارت نے آسٹریلیا کو شاندار کارکردگی کے بعد 295 رنز سے شکست دی۔
پرتھ میں کھیلے گئے بارڈر-گواسکر ٹرافی کے اس افتتاحی میچ میں آسٹریلیا کی ٹیم چوتھے روز 534 رنز کے تعاقب میں صرف 238 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
پہلا ٹیسٹ 22 نومبر کو شروع ہوا تھا، جس میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بھارت اپنی پہلی اننگز میں 150 رنز پر آؤٹ ہوگیا، لیکن آسٹریلیا کی کارکردگی اس سے بھی مایوس کن رہی، اور وہ صرف 104 رنز بنا سکا۔
بھارت نے دوسری اننگز میں 487 رنز 6 وکٹوں کے نقصان پر اننگز ڈکلیئر کی اور کینگروز کو جیت کے لیے 534 رنز کا ہدف دیا۔ تاہم، آسٹریلیا کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں ناکام رہی اور بھارت نے میچ 295 رنز سے اپنے نام کر لیا۔
بھارت کی دوسری اننگز میں یشوی جیسوال نے 161 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ویرات کوہلی نے بھی 100 رنز کی اہم اننگز کھیلی، جبکہ کے ایل راہول نے 77 رنز بنائے۔
بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے میچ میں مجموعی طور پر 8 وکٹیں حاصل کر کے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 5 دسمبر سے ایڈلیڈ میں ہوگا، جو ڈے اینڈ نائٹ میچ ہوگا۔