کراچی۔اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر بیرون ملک سے منشیات کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک برازیلین خاتون کو گرفتار کر لیا۔
اے این ایف حکام کے مطابق، برازیل سے کراچی پہنچنے والی ایک نجی ایئرلائن کی پرواز کے دوران مسافروں کی کلیئرنس جاری تھی کہ ایک خاتون مسافر کی مشکوک حرکات پر تلاشی لی گئی۔ تلاشی کے دوران، انڈر گارمنٹس میں چھپائی گئی مائع حالت میں پلاسٹک کی تھیلیوں میں محفوظ 1 کلو 396 گرام کوکین برآمد ہوئی، جس کی مالیت تقریباً ایک کروڑ 39 لاکھ روپے سے زائد ہے۔
حکام نے بتایا کہ گرفتار خاتون کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
منشیات اسمگلنگ میں استعمال ہونے والے نت نئے اور پیچیدہ طریقے اے این ایف کے لیے چیلنج بنتے جا رہے ہیں، تاہم اے این ایف منشیات کے خاتمے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے اور اس کی روک تھام کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔