لاہور۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے “چیف منسٹر لیپ ٹاپ اور ہونہار اسکالرشپ پروگرام” کے تحت آئندہ 90 دن میں لیپ ٹاپ فراہم کرنے کا ہدف مقرر کر دیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے 2 ہزار اقلیتی طلبہ کو بھی لیپ ٹاپ دینے کی ہدایت جاری کی ہے۔ مزید برآں، میٹرک اور ایف ایس سی کے پوزیشن ہولڈرز طلبہ، یونیورسٹیوں کے 20 ہزار طلبہ، اور کالجز کے 14 ہزار طلبہ کو بھی اس پروگرام کے تحت لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے۔
پروگرام کے تحت 32 فیصد لیپ ٹاپ جنوبی پنجاب کے طلبہ میں تقسیم کیے جائیں گے۔ حکومت نے 30 دن میں 5 ہزار لیپ ٹاپ اور 20 فروری تک 35 ہزار لیپ ٹاپ فراہم کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
سرکاری بریفنگ کے مطابق، پنجاب بھر کے 30 ہزار سرکاری اور 10 ہزار نجی تعلیمی اداروں کے طلبہ کو اسکالرشپ دی جائے گی۔ “ہونہار اسکالرشپ پروگرام” کے تحت 18 ہزار طالبات کو وظائف فراہم کیے جائیں گے، اور چار سے پانچ سال تک طلبہ کی مکمل ٹیوشن فیس بھی ادا کی جائے گی۔
اس پروگرام کے لیے 68,329 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 34,290 درخواستوں کی تصدیق مکمل ہو چکی ہے۔ اس کے علاوہ، پنجاب کی پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں میں مقررہ ہدف سے 15.5 فیصد زائد انرولمنٹ کی جائے گی۔