راولپنڈی: بنوں میں چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش کرنے والے شدت پسندوں کے ساتھ جھڑپ کے دوران 6 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ 12 سیکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، 19 نومبر کو شدت پسندوں نے ضلع بنوں کے علاقے ملی خیل میں ایک مشترکہ چیک پوسٹ پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔ سیکیورٹی فورسز کی مو¿ثر جوابی کارروائی کے دوران 6 حملہ آور ہلاک ہو گئے۔
شدت پسند چیک پوسٹ میں داخل ہونے میں ناکام رہے، جس کے بعد انہوں نے دھماکہ خیز مواد سے بھری ایک گاڑی چیک پوسٹ کی بیرونی دیوار سے ٹکرا دی۔ اس خودکش حملے کے نتیجے میں دیوار کا ایک حصہ منہدم ہو گیا اور قریبی بنیادی ڈھانچہ بھی متاثر ہوا۔
دھماکے میں 12 سیکیورٹی اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئے، جن میں 10 پاک فوج کے جوان اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے 2 اہلکار شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور اس حملے میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پختہ عزم رکھتے ہیں۔ ہمارے شہدائ کی قربانیاں ہمارے حوصلے کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔