لاہور۔آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے اعلان سے قبل بھارتی میڈیا نے پاکستان کے ہائبرڈ ماڈل پر راضی ہونے کی خبریں پھیلانا شروع کر دی ہیں، جسے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے مسترد کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا اور بورڈ (بی سی سی آئی) نے ایک بار پھر سازشی حربے اپناتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کو ہائبرڈ ماڈل کے تحت چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی پر آمادہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق، بیک ڈور چینلز کے ذریعے آئی سی سی پر دباؤ ڈال کر ایونٹ کو پاکستان سے منتقل کروانے یا ہائبرڈ ماڈل پر منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے، تاہم پی سی بی نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔
پی سی بی کے چیئرمین نے واضح مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اپنی مکمل میزبانی کے حق سے دستبردار نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا، “پہلے پاکستان ہے، پھر کوئی اور بات۔”
دوسری جانب، براڈکاسٹنگ کمپنی نے شیڈول میں تاخیر پر اعتراض کرتے ہوئے آئی سی سی پر دباؤ بڑھایا ہے، کیونکہ تاخیر کی وجہ سے کمپنی کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
آئی سی سی کے اعلیٰ عہدیدار بھی پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور کسی لچک کے مظاہرے کی کمی سے پریشان ہیں۔ اگر بھارتی بورڈ اپنی ہٹ دھرمی پر قائم رہا، تو ایونٹ کو مالی اور انتظامی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
پاکستان کا مؤقف واضح ہے کہ وہ چیمپئنز ٹرافی کی مکمل میزبانی کرے گا، اور کسی دباؤ یا سازش کو قبول نہیں کرے گا۔