چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود نے کہا ہے کہ اسلام آباد پر چڑھائی کرنا تو دور کی بات، یہاں کا رخ کرنے کی اجازت بھی نہیں دی جائے گی۔
وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کے دوران رانا مشہود نے کہا کہ پاکستان کے معاشی حالات میں طویل عرصے بعد بہتری کی خبریں آ رہی ہیں، اور اب دنیا پاکستان کی طرف متوجہ ہو رہی ہے۔ ہر ماہ ہزاروں سیاح اور کھلاڑی پاکستان آ رہے ہیں، جو ملک کی مثبت تصویر پیش کرتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 2018 کے بعد نوجوانوں کے لیے اسکالرشپس بند کرکے ان کے مواقع محدود کر دیے گئے تھے، تاہم حکومت اب ان کے لیے دوبارہ راستے کھول رہی ہے۔ ارشد ندیم جیسا ٹیلنٹ یوتھ فیسٹیول کے ذریعے سامنے آیا، اور کھیلوں میں وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی دلچسپی سے یہ سلسلہ مزید مضبوط ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ 21 سے 23 نومبر تک اسلام آباد میں یونیورسٹی اولمپیاڈ کا انعقاد ہوگا، جس میں 10 مختلف کھیلوں کے مقابلے ہوں گے اور 5 ہزار سے زائد ایتھلیٹس اور آفیشلز شرکت کریں گے۔ یہ اولمپیاڈ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کے مواقع فراہم کرے گا۔
رانا مشہود نے مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت نے ہمیشہ تعمیری کام کیا، جبکہ کچھ عناصر صرف تخریب کاری اور انتشار پھیلانے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 24 نومبر کے احتجاج کی کال بھی ناکام ہوگی کیونکہ قوم ایسے عناصر کو مسترد کر چکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کرکٹ میں ڈیپارٹمنٹل اسپورٹس کو ختم کرنے سے کھیلوں کا نقصان ہوا، تاہم حکومت کرکٹ کی ری اسٹرکچرنگ پر کام کر رہی ہے اور جلد وزیراعظم ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا آغاز ہوگا۔
پریس کانفرنس کے اختتام پر انہوں نے بعض سیاسی شخصیات پر کرپشن کے الزامات بھی عائد کیے اور 9 مئی کے واقعات کو دہشتگردی کی ایک مثال قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اداروں پر حملے کی سہولت کاری کا کلچر ختم ہو چکا ہے۔