ڈسکہ۔سیالکوٹ کے علاقے ڈسکہ میں سسرالیوں کے ہاتھوں حاملہ بہو کے بہیمانہ قتل کے کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
پولیس نے مرکزی ملزم نوید کو گرفتار کر لیا اور اسے عدالت میں پیش کیا۔ پولیس نے ملزم کے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی، تاہم خاتون ڈیوٹی مجسٹریٹ نے یہ درخواست مسترد کرتے ہوئے صرف ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا اور ملزم کو پولیس کے حوالے کر دیا۔اس کیس میں گرفتار دیگر تین ملزمان کو کل عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ مقتولہ زارا کو اس کے سسرالیوں نے بے دردی سے قتل کیا، لاش کے ٹکڑے کر کے بوری میں بند کر کے نالے میں پھینک دیا تھا۔ مقتولہ کا شوہر بیرون ملک مقیم ہے، جبکہ قتل میں ساس صغراں، نند یاسمین، نواسے عبداللہ اور ایک اور شخص شامل تھے۔پولیس کی تفتیش کے دوران تمام ملزمان نے اس سنگین جرم کا اعتراف کر لیا ہے، اور مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔