ریاض۔سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منعقد ہونے والے فیشن شو نے عالمی شہرت یافتہ گلوکاروں کی شاندار پرفارمنسز سے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا۔ یہ فیشن شو ریاض سیزن کے سالانہ تفریحی فیسٹیول کا حصہ تھا، جس میں لبنانی ڈیزائنر کے تخلیق کردہ 300 سے زائد دیدہ زیب ملبوسات پیش کیے گئے۔
اختتامی تقریب میں ماڈلز نے ریمپ پر اپنے منفرد انداز میں واک کی، جس نے شائقین کی توجہ اور داد حاصل کی۔ اس شاندار ایونٹ میں معروف گلوکاروں نے اپنی پرفارمنس سے تقریب کو جادوئی بنا دیا، جن میں جینیفر لوپیز، سیلین ڈیون، نینسی عجرم، عمرو دیاب اور کیملا کابیلو شامل تھے۔ ان گلوکاروں کی سُریلی آوازوں نے حاضرین کو محظوظ کیا اور تقریب کو ایک یادگار بنادیا۔
سوشل میڈیا پر اس گرینڈ فیشن شو کی ویڈیوز تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں اور صارفین کی بڑی تعداد اس ایونٹ کو پسند کر رہی ہے۔