بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر جھانسی کے ایک اسپتال میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں نومولود بچوں کے لیے مخصوص انٹینسیو کیئر یونٹ (آئی سی یو) میں آگ لگنے سے 10 بچے جاں بحق ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آگ گزشتہ رات بھڑکی، جس کے وقت آئی سی یو میں 54 بچے زیر علاج تھے۔ اسپتال حکام نے بتایا کہ 16 نومولود بچے بری طرح جھلس گئے ہیں اور انہیں بچانے کی کوششیں جاری ہیں۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ لگنے کی ممکنہ وجہ آکیسجن فراہم کرنے والے یونٹ میں شارٹ سرکٹ کو قرار دیا جا رہا ہے۔ اترپردیش کے ڈپٹی چیف منسٹر نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے اور مزید اموات کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
یہ واقعہ اسپتالوں میں حفاظتی انتظامات اور ضروری اقدامات کی شدید کمی کو اجاگر کرتا ہے۔ متاثرہ خاندانوں کے لیے حکومتی امداد اور مزید اصلاحات کے مطالبے زور پکڑ رہے ہیں۔