واشنگٹن۔نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کی ترجمان کیرولین لیویٹ کو وائٹ ہاؤس کی نئی پریس سیکریٹری نامزد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کیرولین لیویٹ، جن کی عمر 27 سال ہے، امریکی تاریخ میں وائٹ ہاؤس کی سب سے کم عمر پریس سیکریٹری ہوں گی۔ ان کا تعلق نیو ہیمپشائر سے ہے اور انہوں نے سینٹ اینسلم کالج سے مواصلات اور سیاسیات میں تعلیم حاصل کی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا، “مجھے یقین ہے کہ کیرولین لیویٹ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گی۔ وہ نہایت ذہین اور موثر رابطہ کار ہیں اور امریکی عوام تک ہمارا پیغام پہنچانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔”
کیرولین لیویٹ اس سے قبل 2019 میں ٹرمپ کے پہلے دور حکومت میں وائٹ ہاؤس میں بطور اسسٹنٹ پریس سیکریٹری خدمات انجام دے چکی ہیں۔ بعد ازاں، انہوں نے ریپبلکن کانگریس کی رکن ایلیس سٹیفانیک کے کمیونیکیشن ڈائریکٹر کے طور پر کام کیا، جنہیں صدر ٹرمپ نے اقوام متحدہ کی سفیر کے عہدے کے لیے نامزد کیا ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ کیرولین لیویٹ سے پہلے رون زیگلر وائٹ ہاؤس کے سب سے کم عمر پریس سیکریٹری تھے، جنہیں سابق امریکی صدر رچرڈ نکسن نے 1969 میں 29 سال کی عمر میں اس عہدے پر مقرر کیا تھا۔
کیرولین لیویٹ جلد ہی وائٹ ہاؤس کے بریفنگ روم میں اپنے فرائض انجام دیتی نظر آئیں گی، جو ٹرمپ کے پہلے دور حکومت میں صحافیوں اور امریکی عہدیداروں کے درمیان تناؤ کے لیے مشہور رہا ہے۔ ٹرمپ نے اپنے پہلے دور میں متعدد پریس سیکریٹریز تعینات کیے تھے، جن میں شان اسپائسر، سارہ ہکابی سینڈرز، سٹیفنی گریشم، اور کیلی میک اینی شامل ہیں۔