اسلام آباد ۔پاکستان میں چینی زبان کے فروغ اور ترویج کے لئے نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز اسلام آباد کے شعبہ چینی زبان و ادب اور کنفیوشس انسٹیٹیوٹ نے چینی زبان میں تقریری مقابلے کا اہتمام کیا۔
اس مقابلے کے مہمانِ خصوصی پاکستان میں تعینات عوامی جمہوریہ چین کے سفیر جیانگ زائی دونگ تھے۔ چینی سفیر کی آمد پر طلباء و طالبات نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔
اس موقع پر چینی سفیر جیانگ زائی دونگ نے نمل یونیورسٹی کے طلبہ سے تفصیلی گفتگو کے دوران ان کے کئی سوالات کے جوابات بھی دیے۔ انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کی مضبوطی میں نوجوانوں کے کردار پر روشنی ڈالی اور تعلیمی میدان میں چین کے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے چینی سفیر نے چینی صدر شی جن پھنگ کی ولولہ انگیز شخصیت کی خوبیوں میں مطالعہ کی عادت کو بخوبی اجاگر کیا۔ اس موقع پر چین کا روایتی رِبن رقص اور گلگت بلتستان کی ثقافت کے خوبصورت رنگ بھی پیش کیے گئے۔ تقریب کے آخر میں چینی سفیر جیانگ زائی دونگ نے تقریری مقابلے میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے۔ چینی زبان میں منعقدہ تقریری مقابلے میں طلبہ کی بھرپور شرکت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستانیوں کی کثیر تعداد چینی زبان سیکھنے کی خواہش مند ہے۔