راولپنڈی: پنجاب پولیس کی افسر بینش فاطمہ نے ایک بین الاقوامی ایوارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ انہیں 2024 کے ایوارڈ کے لیے انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف چیفس آف پولیس (آئی اے سی پی) کی جانب سے نوازا گیا۔
یہ ایوارڈ بوسٹن میں صدر آئی اے سی پی کی جانب سے پیش کیا گیا، جہاں بینش فاطمہ کو دنیا بھر کے 40 سال سے کم عمر کے بہترین افسران میں شامل کیا گیا۔ آئی اے سی پی ہر سال ان افسران کا انتخاب کرتی ہے جو اپنی کمیونٹی میں جدید حفاظتی تقاضوں کے مطابق بہترین خدمات فراہم کرتے ہیں۔
آئی جی پنجاب عثمان انور نے بینش فاطمہ کو یہ اعزاز حاصل کرنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ “بینش فاطمہ پنجاب پولیس کا قیمتی اثاثہ ہیں، جو پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کر رہی ہیں۔”
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ بینش فاطمہ کو راولپنڈی کی پہلی خاتون چیف ٹریفک آفیسر ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔