اسلام آ باد۔پاکستان کی نیشنل لاجسٹک کارپوریشن(این ایل سی)نے بین الاقوامی روڈ ٹرانسپورٹ(ٹی آئی آر) سسٹم کے تحت علاقائی رابطوں کو بڑھانے کے لئے چین سے 500 ہائی پاور ٹرک خرید لیے، طویل فاصلے کے آپریشنز کے لیے تیار کی گئی یہ جدید گاڑیاں خنجراب پاس کے ذریعے پاکستان پہنچائی گئیں اس سے بحری سفر کے مقابلے میں وقت اور اخراجات میں نمایاں کمی واقع ہو گی ۔گوادر پرو کے مطابق ان ٹرکوں کو متعارف کرانا ٹی آئی آر کے تحت علاقائی رابطے کو مضبوط بنانے کے لیے ایک تزویراتی اقدام ہے۔ یہ اقدام 2021 میں شروع ہونے والے این ایل سی کے پہلے کمرشل ٹی آئی آر آپریشن کے ساتھ مطابقت رکھتا ہے۔ اس کے بعد سے اس نے اپنے زمینی نقل و حمل کے نیٹ ورک کو وسطی ایشیا ، چین ، روس ، ترکی ، آذربائیجان تک توسیع دی ہے اور مشرقی یورپ میں مزید توسیع کا ارادہ رکھتا ہے۔ گوادر پرو کے مطابق جدید ٹیکنالوجی سے لیس اور 390 ہارس پاور والے ٹرک طویل فاصلے کی نقل و حمل کے لئے ہیں اور مختلف مقامات تک سرحد پار لاجسٹکس کی سہولت فراہم کریں گے ، جس سے علاقائی تجارت کے فروغ کے لئے این ایل سی کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔