اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے بتایا ہے کہ آئینی ترامیم کی منظوری کے لیے مختلف آپشنز موجود ہیں۔
کابینہ اجلاس سے قبل صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ آئینی ترامیم کے لیے تمام تیاری مکمل ہیں، اور رانا ثناءاللہ نے صحیح کہا کہ آج اس معاملے کا فیصلہ ہوگا۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ آئینی ترامیم کی منظوری کے لیے دیگر راستے موجود ہیں، لیکن ہماری پہلی کوشش ہے کہ آئینی ترمیم پر اتفاق رائے کے ساتھ آگے بڑھیں۔
کابینہ کا اجلاس آج سہ پہر ہوگا، جس میں آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق آئینی یا قانونی بلز کی کابینہ سے منظوری قانونی تقاضہ ہے، جس کے لیے یہ اجلاس بلایا گیا ہے۔