اسلام آباد: ایس آئی ایف سی کے تعاون سے پاکستان نے رواں مالی سال میں چاول کی برآمدات سے 4 بلین ڈالر آمدنی حاصل کی، جو کہ قابل ستائش ہے۔
رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سابق چیئرمین، شاہجہان ملک نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے لیے چاول کی برآمدات کا ہدف 5 ارب ڈالر رکھا جائے گا۔ اس مقصد کے حصول کے لیے جدید بیجوں کی تحقیق اور معیاری زرعی طریقوں کے فروغ پر مبنی ایک جامع حکمت عملی تیار کی جائے گی۔
پاکستان کا باسمتی چاول عالمی مارکیٹ میں اپنی اعلیٰ معیار کی وجہ سے ملکی معیشت اور عالمی شراکت داری میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ مالی سال 2024ء کے دوران پاکستان نے 6 ملین ٹن سے زائد مختلف اقسام کے چاول برآمد کیے، جو موزوں موسمی حالات اور زرعی وسائل کی فراوانی کی وجہ سے ممکن ہوا۔
یہ سنگ میل پاکستان کے زرعی شعبے کی ایک نمایاں کامیابی ہے، جس سے بین الاقوامی منڈیوں میں مزید مواقع پیدا ہونے اور ملکی زرعی پیداوار میں مزید ترقی کی توقع ہے۔
ایس آئی ایف سی نے زرعی شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر پاکستان کی زرعی مصنوعات کی پہچان میں بھی کلیدی کردار ادا کیا ہے۔