دوشنبے۔وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام، رانا مشہود احمد خاں تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبہ پہنچ گئے ہیں، جہاں ان کا استقبال انتہائی پروٹوکول کے ساتھ کیا گیا۔
دوشنبہ ایئرپورٹ پر تاجکستان کی مجلس نمائندگان کی قانون سازی اور حقوق کمیٹی کے چیئرمین محترم رووشان رجب زودا نے رانا مشہود احمد خاں کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے اعلیٰ سرکاری عہدیداران بھی موجود تھے، جنہوں نے باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر ابتدائی تبادلہ خیال کیا۔
یہ دورہ پاکستان اور تاجکستان کے مابین تاریخی تعلقات کو مزید فروغ دینے، اقتصادی تعاون کو وسعت دینے اور نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کی حکومتی کوششوں کا حصہ ہے۔ اس دوران مختلف دوطرفہ معاہدوں اور شراکت داریوں پر بھی تبادلہ خیال متوقع ہے، جس سے دونوں ممالک کے تعلقات کو ایک نئی جہت ملے گی۔