اسلام آباد: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور جلد ہی دنیا کی 24ویں مضبوط معیشت کے طور پر ابھرے گا۔
اسلام آباد میں پاکستان سعودی عرب بزنس فورم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے ایک سازگار ماحول موجود ہے، اور اقتصادی بحالی کے ایجنڈے کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔
اسحاق ڈار نے یہ بھی کہا کہ پاک سعودی عرب کی اسٹریٹجک شراکت داری ایک نئے دور میں داخل ہو چکی ہے، اور پاکستان سعودی عرب کو کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قابل تجدید توانائی کے منصوبے سعودی سرمایہ کاروں کے لیے دستیاب ہیں، اور پاکستان کا آئی ٹی کا شعبہ عالمی سرمایہ کاروں کو اپنی طرف متوجہ کر رہا ہے۔
نائب وزیراعظم نے یہ بات بھی کہی کہ پاکستان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے سعودی عرب کے وفد کا خیرمقدم کرتا ہے۔