اسلام آباد: بجلی کے معاہدوں کے بارے میں حکومتی ٹاسک فورس اور آئی پی پیز کے درمیان مذاکرات کے نتیجے میں لال پیر پاور کمپنی کے بعد حب پاور کمپنی بھی قبل از وقت معاہدہ ختم کرنے کے لیے تیار ہو گئی ہے۔
حب پاور کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا کل ہنگامی اجلاس بلایا گیا ہے، جبکہ لال پیر پاور کا بورڈ بھی اسی معاملے پر آج ہنگامی اجلاس منعقد کر رہا ہے۔
دونوں آئی پی پیز کے بورڈ اجلاس میں بجلی کے معاہدے قبل از وقت ختم کرنے کی منظوری حاصل کی جائے گی۔
لال پیر پاور پلانٹ کی پیداواری صلاحیت 362 میگاواٹ ہے جبکہ حب پاور کی صلاحیت 1200 میگاواٹ ہے۔ لال پیر پاور کمپنی اور حب پاور کمپنی نے اہم پیشرفت سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو خطوط کے ذریعے آگاہ کر دیا ہے۔یہ بات واضح رہے کہ لال پیر پاور اور حب پاور کے بجلی کے معاہدے 2027 میں ختم ہو رہے ہیں۔