لاہور۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے رئیر ایڈمرل اظہر محمود کی قیادت میں پاکستان نیول وار کالج کے 118 رکنی وفد سے ملاقات کی، جس میں پاکستان نیوی کے افسران کے علاوہ 16 دوست ممالک کے افسران بھی شامل تھے۔
مریم نواز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس یونیورسٹی کا آغاز جلد کیا جائے گا، اور لاہور میں محمد نوازشریف آئی ٹی سٹی کا منصوبہ چند ماہ میں شروع ہوگا۔ انہوں نے غیر ملکی افسران کا لاہور میں خیر مقدم کرتے ہوئے سعودی عرب، یمن اور نائیجریا کے نیول افسران کے سوالات کے جوابات بھی دیے۔
وزیراعلیٰ نے عالمی سطح پر بدلتی صورتحال کے تناظر میں دفاعی میدان میں جدید ٹیکنالوجی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان نیوی کے افسروں اور جوانوں کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے پاکستان نیوی وار کالج میں دی جانے والی عسکری تربیت کو بھی سراہا۔
مریم نواز نے میری ٹائم کی ترقی اور بلیو اکانومی کے فروغ کے لیے پاک بحریہ کے اقدامات کی تعریف کی۔ اس موقع پر سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری، چیف سیکرٹری، ڈپٹی کمانڈنٹ کموڈور احسان احمد خان، پرنسپل سیکرٹری اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔