پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہنیں، علیمہ خان اور عظمیٰ خان، کو پولیس نے ڈی چوک سے حراست میں لے لیا۔دونوں بہنوں کو ڈی چوک سے گرفتار کر کے تھانہ سیکریٹریٹ منتقل کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ پی ٹی آئی نے آج اسلام آباد کے ڈی چوک پر احتجاج کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد کارکنان وہاں پہنچنے لگے، جن میں بانی پی ٹی آئی کی بہنیں بھی شامل تھیں۔اس کے علاوہ، پولیس نے ڈی چوک میں پہنچنے والے درجنوں کارکنوں کو بھی گرفتار کیا، اور ٹولیوں کی صورت میں آنے والے افراد کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ کا سہارا لیا۔ فیض آباد اور مری روڈ پر پیش قدمی روکنے کے لیے بھی شدید شیلنگ کی گئی، جو وقفے وقفے سے جاری ہے۔پولیس نے مرد اور خواتین دونوں کارکنوں کو حراست میں لیا ہے اور مزید مظاہرین کی گرفتاری کا سلسلہ جاری ہے۔ اس کے علاوہ، چونگی نمبر 26 اور راولپنڈی سے بھی تحریک انصاف کے کارکنان کو گرفتار کیا گیا ہے، اور برہان انٹرچینج کے قریب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے قافلے پر بھی پولیس نے شیلنگ کی۔