اسلام آباد۔ کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے زیر اہتمام ہونے والی کمرشل پلاٹوں کی نیلامی کو سرمایہ کاروں کی طرف سےبھر پور پذیرائی ملی ہے.نیلامی کے پہلے روز 5 پلاٹ 11 ارب میں فروخت کئے گئے. سی ڈی اے کے زیر اہتمام سرمایہ کاروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور بھرپور مقابلہ دیکھنے میں آیا۔
چئیر مین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ سرمایہ کاروں کا سی ڈی اے کے نیلام عام بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ان کی طرف سے ادارے کی پالیسیوں پر اعتماد کااظہار ہے ۔سہ روزہ کمرشل پلاٹوں کا نیلام عام 3 اکتوبر2024 تک گندھارا سیٹزن کلب، F-9 پارک میں جاری رہے گا.
تفصیلات کے مطابق نیلام عام کے پہلے روز F-8 مرکز کےپلاٹ نمبر G۔13 کو 1.22 ارب اور D۔16 کو 1.24 ارب روپے میں نیلام کیا گیا. اسی طرح G-8 مرکز کے پلاٹ نمبر 4D کو 598.3 ملین میں نیلام کیا گیاجبکہ بلیو ایریا G-8 کمرشل پلاٹ نمبر 10 کو 5.35 ارب روپے میں نیلام کیا گیا. مرکز I-8 کا پلاٹ نمبر I.B کو ،2.4ارب روپے میں نیلام کیا گیا۔ اس طرح مجموعی طور پر نیلامی کے پہلے روز 5 پلاٹس 11 ارب روپے میں فروخت کئے گئے.
سہہ روز نیلام عام میں اسلام آباد کے ڈویلپڈ کمرشل مراکز اور ما رکیٹس میں واقع مختلف کٹیگریز کے کمرشل پلاٹس سرمایہ کاری کے لئے پیش کئے جارہے ہیں. اس نیلام عام میں موٹلز، اپارٹمنٹس سمیت کلاس تھری شاپنگ سینٹر کے پلاٹ بھی سرمایہ کاری کے لئے پیش کئے جارہے ہیں۔نیلامی کی نگرانی سی ڈی اے ممبر فنانس کی سربراہی میں تشکیل دی گئی نیلامی کمیٹی کررہی ہے۔موصول ہونے والی بولیوں کو مکمل جانچ پڑتال کے بعد سی ڈی اے بورڈ کے سامنے پیش کیا جائے گا جو بولیوں کو منظور یا مسترد کرنے کا مجاز فورم ہے.
واضح رہے کہ کمرشل پلاٹوں کے نیلام عام میں حصہ لینے والے سرمایہ کاروں کو کئی مراعات اور سہولیات دی گئی ہیں۔ اس ضمن میں کمرشل پلاٹوں کے پیمنٹ پلان کو ایک سال سے بڑھا کر دو سال کیا گیا ہے. اسی طرح 25 ٪ پیمنٹ پر بلڈنگ پلان کی منظوری سمیت 75 % پیمنٹ پر پلاٹس کا قبضہ دیا جائے گا۔اسی طرح یکمشت آدائیگی کرنے پر % 10 جبکہ ڈالرز میں پیمنٹ کی ادائیگی پر %5 مزید رعایت دینے کی سہولت فراہم کی گئ ہے۔