لاہور: مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت کے لیے لاہور ہائیکورٹ نے 30 ستمبر تک ڈی سی لاہور کو درخواست پر فیصلہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔جسٹس فاروق حیدر نے پی ٹی آئی کے اکمل خان باری کی دائر کردہ درخواست کی سماعت کی۔درخواست گزار کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ مینار پاکستان پر جلسہ کرنے کی ہماری درخواست ڈی سی لاہور کے پاس زیر غور ہے۔عدالت نے سرکاری وکیل کو ہدایت کی کہ 30 ستمبر تک ڈی سی لاہور اس درخواست پر فیصلہ کرے اور لاہور ہائیکورٹ کے ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کو اس بارے میں رپورٹ پیش کرے۔درخواست میں پنجاب حکومت اور ڈپٹی کمشنر لاہور سمیت دیگر کو بھی فریق بنایا گیا تھا۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سالگرہ 5 اکتوبر کو ہے، اس لیے وہ پرامن جلسہ کرنا چاہتے ہیں، اور مینار پاکستان میں شام 5 بجے سے رات 10 بجے تک جلسے کی اجازت مانگ رہے ہیں۔درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت 5 اکتوبر کو جلسہ کرنے کی اجازت دینے کا حکم صادر فرمائے۔