لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم، جس کی قیادت کپتان فاطمہ ثناء کر رہی ہیں، آئی سی سی ویمن ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے لاہور ایئرپورٹ سے دبئی روانہ ہو گئی ہے۔
ورلڈ کپ سے قبل پاکستانی ٹیم دو وارم اَپ میچ کھیلنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ پہلا وارم اَپ میچ 28 ستمبر کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف اور دوسرا 30 ستمبر کو بنگلادیش کے خلاف کھیلا جائے گا۔
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم اپنا افتتاحی میچ 3 اکتوبر بروز جمعرات کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گی، جبکہ اتوار 6 اکتوبر کو روایتی حریف بھارت کے ساتھ مقابلہ ہو گا۔ قومی ٹیم تیسرا میچ 11 اکتوبر کو آسٹریلیا اور چوتھا میچ 14 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے ویمن کرکٹ ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کی کھلاڑی باصلاحیت اور ٹیلنٹڈ ہیں، اور انہیں امید ہے کہ وہ ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی دکھائیں گی۔
روانگی سے قبل کپتان فاطمہ ثناء نے کہا کہ ٹیم اچھی کرکٹ کھیلنے کے لیے تیار ہے اور کھلاڑیوں کا مورال بلند ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔