اوسلو ۔ پرواز کے دوران ایک مسافر کے کھانے سے زندہ چوہا نکلنے کے باعث طیارے کی ایمرجنسی لینڈنگ کرائی گئی۔ یہ واقعہ ایک ڈنمارک کی ایئر لائن میں پیش آیا، جب ایک خاتون مسافر کو دورانِ پرواز کھانے کا باکس پیش کیا گیا۔ جیسے ہی خاتون نے کھانے کا ڈبہ کھولا، اس میں سے زندہ چوہا نکل آیا، جس کے نتیجے میں پائلٹ کو طیارے کی ایمرجنسی لینڈنگ کرانی پڑی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ مسافر طیارہ ناروے کے دارالحکومت اوسلو سے سپین کے شہر ملاگا جا رہا تھا۔ واقعے کے بعد طیارے نے ڈنمارک کے شہر کوپن ہیگن میں ہنگامی لینڈنگ کی۔ایئرلائن کی انتظامیہ نے وضاحت کی کہ یہ ایمرجنسی لینڈنگ کمپنی کی پالیسی کے مطابق کی گئی، کیونکہ جہاز میں چوہے کا ہونا ایک خطرہ تھا۔ بعد میں مسافروں کو ایک دوسرے طیارے کے ذریعے سپین روانہ کیا گیا۔اس واقعے کے عینی شاہد نے ایک ویڈیو میں بتایا کہ خاتون مسافر کے کھانے کا باکس کھلتے ہی چوہا بھاگ کر جہاز میں کہیں چھپ گیا۔