اسلام آباد۔ وفاقی پولیس نے ایک بار پھر اسلام آباد کے ریڈ زون کو سیل کر دیا ہے اور علاقے کی سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق، ریڈ زون کے پانچ میں سے چار راستے مکمل طور پر بند کر دیے گئے ہیں، جن میں سرینا چوک، نادرا چوک، ایکسپریس چوک، اور میریٹ چوک شامل ہیں۔ ان مقامات پر پولیس نے کنٹینرز نصب کر دیے ہیں، جبکہ جناح ایونیو پر بھی خاردار تاریں لگا کر فضل حق روڈ اور چائنہ چوک کو بھی سیل کیا گیا ہے۔ریڈ زون کی سیکیورٹی کے لیے بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے مطالبے پر تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) اور عافیہ صدیقی رہائی مہم کی جانب سے احتجاج کی کال دی گئی تھی، جس کے پیش نظر یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔وفاقی پولیس نے فیصلہ کیا ہے کہ احتجاجی مظاہرین کو ریڈ زون میں داخل ہونے سے روکا جائے گا، اور اہم مقامات پر کنٹینرز نصب کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر طریقے سے نمٹا جا سکے۔