لاہور۔پی ٹی آئی کے رہنما سلمان اکرم راجا نے جلسہ عام میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم ثابت قدمی اور بہادری کا مظاہرہ کریں، کیونکہ ہم ایک چالاک دشمن سے لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے 8 فروری کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس دن ووٹ چوری ہوا اور ایک جھوٹی حکومت قائم کی گئی۔انہوں نے کہا کہ یہ جھوٹی حکومت اپنے جھوٹ کو چھپانے کے لیے آئین میں ترمیم کرنا چاہتی ہے، اور عوام کو ان ترمیم کے خلاف لڑنے کی ضرورت ہے۔ سلمان اکرم نے کہا کہ ایک جھوٹی عدالت قائم کی جا رہی ہے، جسے وہ نہیں مانتے، اور قاضی فائز عیسیٰ کو بھی مسترد کیا۔انہوں نے واضح کیا کہ اس سیاہ عدالت کا مقصد پی ٹی آئی پر پابندی لگانا اور عمران خان کو فوجی عدالتوں سے سزا دلوانا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئینی عدالتوں میں ان کے تمام مقدمے ناکام ہو چکے ہیں، اور وہ عمران خان کے خلاف جھوٹے مقدمات میں سزا دلوانا چاہتے ہیں۔سلمان اکرم نے عوام کو یقین دلایا کہ وہ ثابت قدمی سے ان کا مقابلہ کریں گے اور میدانوں اور سڑکوں پر نکلیں گے، عمران خان کو آزاد کروانا ان کا عزم ہے۔