اسلام آباد: انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سمیت تحریک انصاف کے متعدد رہنماوں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں، جبکہ عمر تنویر بٹ کو اشتہاری قرار دے دیا گیا ہے۔ جج طاہر عباس سپرا نے پی ٹی آئی رہنماوں کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس پر حملہ اور توڑ پھوڑ کے حوالے سے تھانہ آئی نائن میں درج دہشت گردی کے مقدمے میں علی امین گنڈاپور کی ضمانت کی درخواست کی سماعت کی۔ ان کے وکیل راجہ ظہور الحسن نے حاضری معافی کی درخواست عدالت میں پیش کی۔ جج طاہر عباس نے کہا کہ پچھلی بار 4 ستمبر کو حاضری معافی کی درخواست دی گئی تھی، اور 8 ستمبر کو جلسے کے دوران ان کی طبیعت ٹھیک ہوگئی تھی؟ عدالت نے عدم پیروی کے باعث علی امین گنڈاپور کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی۔ عدالت نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور، واثق قیوم عباسی، راجہ راشد حفیظ اور عامر محمود کیانی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے، جبکہ عمر تنویر بٹ کو مسلسل غیر حاضری کی وجہ سے اشتہاری قرار دیا گیا۔ عدالت نے فیصل جاوید کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 3 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔