بیجنگ: حالیہ تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ کافی یا چائے میں موجود کیفین جگائے رکھنے کے فوائد سے زیادہ صحت کے لیے مفید ثابت ہو سکتی ہے۔
نئی تحقیق کے مطابق، کیفین دل کی بیماری، فالج، اور ٹائپ 2 ذیابیطس کے خطرات کو کم کر سکتی ہے۔ یہ تحقیق اینڈو کرائن سوسائٹی کے جرنل آف کلینیکل اینڈو کرائنولوجی اینڈ میٹابولزم میں شائع ہوئی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ دن میں تین کپ یا اس سے کم کیفین کا معتدل استعمال کارڈیو میٹابولک ملٹی موربیڈیٹی کے خطرے کو کم کر سکتا ہے۔
چین کی سوشو یونیورسٹی کے وبائی امراض اور بایوسٹیٹسٹکس کے ایسوسی ایٹ پروفیسر، ڈاکٹر چاؤفو، نے کہا کہ کیفین کا استعمال بیماریوں کی نشوونما کے مختلف مراحل میں ایک اہم حفاظتی کردار ادا کر سکتا ہے۔
امراض کے کنٹرول اور روک تھام کے مراکز کے مطابق، کارڈیو میٹابولک ملٹی موربیڈیٹی سے مراد دو یا دو سے زیادہ کارڈیو میٹابولک عوارض جیسے دل کی کورونری بیماری، ٹائپ 2 ذیابیطس، اور فالج ہیں۔