اسلا م آباد۔ایوان بالا میں ختم نبوت کے حوالے سے قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی ،قرار داد جے یوآئی کے سینیٹر مولانا عطاءالرحمن نے پیش کی۔سوموار کو سینیٹ اجلاس ڈپٹی چیرمین سینیٹر سیدال ناصر کی سربراہی میں منعقد ہوا اجلاس کے آغاز میں سینیٹر مولانا عطاء الرحمن نے قرار داد پیش کرتے ہوئے کہاکہ 7ستمبر کو پاکستان کی پارلیمنٹ نے قادیانیوں کو متفقہ طور پر غیر مسلم قرار دیاتھا یہ دن نہ صرف پاکستان بلکہ پوری مسلم دنیا کیلئے ایک تاریخی حیثیت رکھتا ہے ہ دن سرکاری سطح پر منایا جائے اور قومی سطح پر چھٹی کا اعلان کیا جائے انہوںنے کہاکہ اگر اس روز چھٹی کا اعلان ہو تو ہماری نئی نسل کو پتہ چلے گا اور نبی پاک کے ختم نبوت کے حوالے سے ان کو معلومات حاصل ہونگی کہ اس روز پاکستان کی پارلیمنٹ نے ایک تاریخی فیصلہ دیا تھا اسی وجہ سے یہ دن منایا جارہا ہے انہوںنے کہاکہ آئے روز ختم نبوت کے حوالے سے جس طرح کوششیں کی جارہی ہیں اور ایک اور ملعون نے ایسی گفتگو کی جس کو کوئی بھی مسلمان دہرا نہیں سکتا ہے انہوںنے کہاکہ نصاب میں ختم نبوت کے حوالے سے مضامین شامل کئے جائیں اس موقع پر ایوان بالامیں قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔بعدازاں اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا گیا ۔