اسلام آباد۔ تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ حکومت آئینی ترامیم کی بجائے سب کچھ بلڈوز کر رہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پارلیمنٹ کو ایک ربڑ سٹمپ بنا دیا گیا ہے جہاں اوپر سے آرڈر آتے ہیں اور فوراً عمل درآمد شروع ہو جاتا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ اگر مولانا فضل الرحمن کو ترمیم کا مسودہ دیا گیا ہے تو یہ ہمارے ساتھ بھی شیئر کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر فیصلے رات کی تاریکی میں کیے جا رہے ہیں تو پارلیمنٹ کا کیا مقصد ہے؟ ہمارے لوگ ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں۔
اسد قیصر نے مزید کہا کہ یہ واضح نہیں کہ کہاں سے زبردستی کے آرڈرز آ رہے ہیں، اور آئینی ترمیم کے لیے حکومت کے پاس مطلوبہ نمبرز بھی پورے نہیں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں فارم 47 کے تحت بٹھایا گیا اور رات کی تاریکی میں قانون سازی کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ آئینی ترمیم کے معاملے میں ہمارے ساتھ کوئی مشاورت نہیں ہوئی اور جو کچھ بھی ہو رہا ہے وہ رولز کے خلاف ہے۔