لاہور: پاکستان اسپورٹس بورڈ نے گزشتہ پانچ سالوں کے دوران مختلف فیڈریشنز اور کھلاڑیوں کو فراہم کردہ فنڈز کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ پی ایس بی نے مالی سال 2019-20 سے لے کر مالی سال 2023-24 تک مجموعی طور پر ایک ارب روپے سے زائد کے فنڈز جاری کیے ہیں۔
ویب سائٹ پر اپ لوڈ کی گئی تفصیلات کے مطابق، سب سے زیادہ فنڈز گزشتہ دو سالوں میں فراہم کیے گئے ہیں۔ مالی سال 2023-24 کے دوران، مختلف فیڈریشنز اور کھلاڑیوں میں 50 کروڑ روپے سے زائد تقسیم کیے گئے۔ مالی سال 2022-23 کے دوران، پی ایس بی نے 42 کروڑ روپے سے زائد فنڈز جاری کیے، جبکہ مالی سال 2019-20 میں صرف ڈھائی کروڑ روپے اور 2020-21 میں سوا 4 کروڑ روپے فراہم کیے گئے۔ مالی سال 2021-22 کے دوران فیڈریشنز کو 6 کروڑ 95 لاکھ روپے دیے گئے۔
پاکستان والی بال فیڈریشن کو گزشتہ پانچ سالوں میں ساڑھے 11 کروڑ روپے سے زائد فنڈز ملے، اور مالی سال 2023-24 میں والی بال فیڈریشن کو 10 کروڑ روپے کی گرانٹ دی گئی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کو پانچ سالوں میں 10 کروڑ 36 لاکھ روپے ملے، اور پچھلے مالی سال میں پی ایچ ایف کو 5 کروڑ 90 لاکھ روپے فراہم کیے گئے۔
ایتھلیٹکس فیڈریشن کو پانچ سالوں میں 10 کروڑ روپے سے زائد ملے، اور مالی سال 2023-24 میں انہیں 7 کروڑ روپے کی فنڈنگ کی گئی۔ نیٹ بال فیڈریشن کو پانچ سالوں میں 7 کروڑ روپے کی فنڈنگ حاصل ہوئی، جبکہ پچھلے دو سالوں کے دوران انہیں ساڑھے 6 کروڑ روپے دیے گئے۔ تائیکوانڈو فیڈریشن کو پانچ سالوں میں 6 کروڑ روپے، ٹینس فیڈریشن کو 4 کروڑ 86 لاکھ روپے، اور اسکواش فیڈریشن کو 5 کروڑ روپے کے فنڈز فراہم کیے گئے۔