پشاور: پشاور ہائی کورٹ نے خیبرپختونخوا حکومت کو یونیورسٹیوں کی زمین فروخت کرنے سے روک دیا ہے۔
پشاور ہائی کورٹ میں یونیورسٹیوں کی زمین فروخت کرنے کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے صوبائی حکومت کو ہدایت دی ہے کہ آئندہ سماعت تک یونیورسٹیوں کی زمین فروخت نہ کی جائے۔
درخواست گزار دارس خان نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ صوبائی حکومت نے عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کی زمین فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اور انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ اس معاملے پر اسٹے آرڈر جاری کیا جائے تاکہ زمین فروخت نہ ہو۔
حکومت کی طرف سے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نعمان کاکاخیل نے عدالت کو بتایا کہ ابھی تک ایسا کوئی حکم یا فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے درخواست کی کہ اسٹے آرڈر جاری نہ کیا جائے اور کہا کہ صوبائی حکومت نے اس سلسلے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا، اور آئندہ سماعت پر تفصیلی جواب جمع کرایا جائے گا۔
عدالت نے صوبائی حکومت کی جانب سے یونیورسٹی کی زمین فروخت کرنے پر حکم امتناع جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر حکومت سے تفصیلی جواب طلب کر لیا ہے۔