لاہور۔لاہور ہائی کورٹ نے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے چیئرمین کے تقرر کو کالعدم قرار دینے کا فیصلہ معطل کر دیا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کو عہدے سے ہٹانے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل پر جسٹس چوہدری محمد اقبال اور جسٹس عاصم حفیظ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے منگل کو سماعت کی اور چیئرمین نادار کو عہدے پر بحال کر دیا۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ درخواست میں نگراں حکومت میں چیئرمین نادرا کے تقرر کو چیلینج کیا گیا تھا جو صرف نگراں حکومت کے نوٹی فکیشن کی حد تک محدود تھی۔ دو رکنی بینچ نے لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس عاصم حفیظ پر مشتمل ایک رکنی بینچ کے حکم کو معطل کیا ہے۔ ایک رکنی بینچ نے تین دن قبل جمعے کو چیئرمین نادرا کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا تھا۔ حاضر سروس فوجی افسر کے تقرر کو ہائی کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے درخواست گزار اشبا کامران نے مو¿قف اختیار کیا تھا کہ نگراں حکومت نے نادرا قانون میں ترامیم کر کے لیفتننٹ جنرل محمد منیر افسر کے تقرر کی منظوری دی۔