اسلام آباد۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے خلاف اسلام آباد میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، وزیراعلیٰ گنڈا پور کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ سنگجانی میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس میں ضلعی انتظامیہ کے اہلکار کو غیر قانونی حبس میں رکھنے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق، ایک دن پہلے اسلام آباد میں منعقدہ جلسے کے اختتام پر ضلعی انتظامیہ کا ایک اہلکار وزیراعلیٰ اور منتظمین کو انتباہ دینے اور وقت کے اختتام کا نوٹس دینے گیا تھا، جس پر اُسے حراست میں لے لیا گیا تھا۔ دوسری طرف، خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات اور قومی اسمبلی کے اراکین نے علی امین گنڈا پور کی گمشدگی کا دعویٰ کیا ہے، اور بتایا ہے کہ شام کے بعد سے اُن سے رابطہ نہیں ہو رہا اور وہ گزشتہ 8 گھنٹوں سے لاپتہ ہیں۔ مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے وزیراعلیٰ کی ممکنہ گرفتاری کے بارے میں تشویش ظاہر کی اور کہا کہ وہ پشاور میں نہیں ہیں اور اسلام آباد میں ایک میٹنگ کے لیے گئے تھے، شام کے بعد سے اُن سے اور اُن کے اسٹاف سے کوئی رابطہ نہیں ہو رہا۔