اسلام آباد۔کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان نے انٹرنیشنل الیکٹرک پاور (پرائیویٹ) لمیٹڈ کو سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی کے 11.9 فیصد شئیرز خریدنے کی منظوری دے دی ہے۔ انٹرنیشنل الیکٹرک پاور کمپنی کی سندھ اینگرو کول میں شراکت داری پاکستان کے کوئلے کی کان کنی کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ میسرز انٹرنیشنل الیکٹرک پاور (پرائیویٹ) لمیٹڈ ، خاصوصی طور پر اسی ٹرانزیکشن کے لئے مارچ 2024 میں رجسٹرڈ کی گئی تھی۔ یہ کمپنی لبرٹی پاور ہولڈنگ ، سوریٹی انٹرپرائزز اور پروکون انجینئرنگ کی مشترکہ ملکیت ہے۔ سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی ، سندھ میں کوئلے کی کان کنی اور سپلائی کرنے والی بڑی کمپنی ہے۔اینگرو کارپوریشن کا ذیلی ادارہ اینگرو انرجی لمیٹڈ پاکستان جو کہ توانائی کی سرمایہ کاری کے لیے ایک بڑی ہولڈنگ کمپنی کے طور پر کام کرتا ہے ہے، نے اپہنے حصص انٹرنیشنل الیکٹرک پاور (پرائیویٹ) لمیٹڈ کو فروخت کے لئے پیش کئے ہیں۔ سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی ، تھر کول انرجی بورڈ اور حکومت سندھ کی ریگولیٹری نگرانی میں کام کرتی ہے ، اور تھر کول سے چلنے والے بجلی گھروں کے لیے کوئلے کی سپلائی کرتی ہے۔ اس ٹرانزیکشن سے کوئلے کی کان کنی کی صنعت میں انٹرنیشنل الیکٹرک پاور کی ھصہ داری قائم ہو جائے گی جبکہ کمپنی کا مارکیٹ شیئر مستحکم رہے گا۔ پاکستان میں کوئلے کی کان کنی ، خاص طور پر تھر کے علاقے میں ، سستی توانائی اور ملک کی اقتصادی ترقی کے لیے اہم ہے۔ تھر کول سے بڑے پیمانے پر بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کو کوئلہ فراہم کیا جا سکتا ہے۔ اس شعبے میں انٹرنیشنل الیکٹرک پاور کے داخلے کے ساتھ ، اس شعبے میں جدید ٹیکنالوجی اور بین لاقوامی تجربہ سے ملکی کوئلے کی پیداوار کو بڑھایا جا سکے گا۔