اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی کے کیسز میں مسلسل اضافہ جاری ہے، اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 7 مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔
متعلقہ حکام کے مطابق، اسلام آباد میں ڈینگی کے کیسز بڑھ رہے ہیں اور حالیہ 24 گھنٹوں میں 7 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد رواں سیزن میں مجموعی طور پر 111 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ دارالحکومت کے دیہی علاقوں میں 79 کیسز جبکہ شہری علاقوں سے 32 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ پمز اسپتال میں 17 اور کیپٹل اسپتال میں 5 مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔
گزشتہ روز محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے پنجاب میں ڈینگی کے حوالے سے اعداد و شمار جاری کیے تھے، جن کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران 27 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ ایک ہفتے میں مجموعی طور پر 81 کیسز رپورٹ ہوئے۔ رواں سال اب تک پنجاب میں ڈینگی کے 447 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔