اسلام آباد۔ چیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہاہے کہ اس ملک میں اقتدار کی چابی رکھنے والے اس عظیم اجتماع کے مطالبات کو نظر انداز نہ کرے انہوں نے کہاکہ ہم ملک میں آئین اور قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں حکومت بانی پی ٹی آئی کو فوری طور پر رہا کرے ۔اتوار کوسنگ جانی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان کے ہر کونے سے آنے والے کارکنوں کو تاریخ ساز جلسے کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتا ہوں انہوںنے کہاکہ آج کارکنوں میں بانی پی ٹی آئی کا جذبہ اور جنون بول رہا ہے انہوںنے کہاکہ وفاقی دارلحکومت میں کنٹینر کا شہر بنا دیا ہے اور آج پنجرہ بنا کر دکھا دیا ہے انہوںنے کہاکہ یہ حکومت جو قانون سازی کرتی ہے یہ جعلی حکومت اور فارم 47کی حکومت رات کے اندھیرے میں اپنے آپ کو این آر او دینے کیلئے قانون سازی کرتی ہے اب ماننا پڑے گا کہ بانی پی ٹی آئی ایک حیقیقت ہے اب مائنس کی سیاست نہیں ہوسکتی ہے انہوںنے کہاکہ اس حکومت اور ان کے کارندوں نے ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا ہے جس ملک کا لیڈر کرپٹ ہو وہ ملک ترقی نہیں کرسکتا ہے آج بلوچستان ہاتھ سے نکل رہا ہے آج ججز کے حوالے سے قانون سازی کی جارہی ہے انہوںنے کہاکہ مرضی کے کورٹس بنا کر مرضی کے فیصلے لینا کسی صورت قبول نہیں ہے ہم اس پر بھرپور احتجاج کریں گے انہوںنے کہاکہ بانی پی ٹی آئی ہی اصل لیڈر ہے اور وہ عوام کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں وہ بہت جلد باہر آئیں گے اور ایک بار پھر عوام کے درمیان اس ملک کے وزیر اعظم بن کر ہونگے انہوںنے کہاکہ بانی پی ٹی آئی پر 200سے زیادہ مقدمات درج کئے گئے شاہ محمود قریشی پر ظلم کیا گیا اس کو بولنے والے نہیں ہیں انہوں نے کہاکہ ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف مذید کیس بنانا کسی صورت قبول نہیں ہیں ہم الیکشن کمیشن کے فیصلوں کی طرح مذید کوئی فیصلہ نہیں مانیں گے انہوںنے کہاکہ ملک میں لاقانونیت کے خلاف نکل رہے ہیں جو لوگ اقتدار کی چابی رکھتے ہیں وہ ملک اور قوم کے بارے میں سوچیں اس ملک کے عوام کو اقلیت نہ سمجھیں ان کی آواز کو نہ دبائیں راستے بند نہ کریں بلکہ راستے نکالیں اس سے پہلے کہ ملک بند گلی میں چلا جائے۔