اسلام آباد: اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کا پولیس کے ساتھ تصادم ہو گیا ہے۔ 26 نمبر چونگی پر جلسے کے شرکاء نے جاری کردہ روٹ کی خلاف ورزی کی، جس پر پولیس نے انہیں روکنے کی کوشش کی۔ اس پر جلسے کے شرکاء نے پتھراؤ کیا اور پولیس موبائل وین پر حملہ کیا۔ پتھراؤ کے نتیجے میں متعدد پولیس اہلکار زخمی ہو گئے، اور پولیس نے جوابی شیلنگ کی۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ روٹ کی خلاف ورزی کرنے والے شرکاء نے شدید پتھراؤ کیا، جس سے ایس ایس پی سیف سٹی اور متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ اسلام آباد پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مظاہرین کی جانب سے پتھراؤ کا سلسلہ جاری ہے اور حالات پر قابو پانے کے لیے اسلام آباد پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری طلب کی گئی ہے۔ یاد رہے کہ اسلام آباد انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو آج مشروط اجازت دی تھی کہ جلسہ 7 بجے تک ختم کر دیا جائے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق جلسہ منتظمین نے این او سی کے قواعد کی خلاف ورزی کی ہے اور پولیس کو کارروائی کے احکامات جاری کر دیے ہیں، ساتھ ہی جلسہ منتظمین کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد نے فوری طور پر جلسہ گاہ خالی کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔