اسلام آباد: اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کو جلسے کے لیے دیا گیا شام 7 بجے کا وقت ختم ہو چکا ہے۔ اسلام آباد کے علاقے سنگجانی کی مویشی منڈی میں تحریک انصاف کا جلسہ جاری ہے۔ خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں سے کارکن ابھی بھی جلسہ گاہ کی طرف آ رہے ہیں۔ اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق پی ٹی آئی کو جلسے کے لیے جو وقت دیا گیا تھا، وہ ختم ہو چکا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے اطلاع دی ہے کہ جلسے کے منتظمین نے این او سی کے قواعد کی خلاف ورزی کی ہے، جس کے مطابق جلسہ 7 بجے تک ختم کرنا تھا۔ انتظامیہ نے پولیس کو کارروائی کے احکامات جاری کر دیے ہیں اور جلسہ منتظمین کو بھی اس بارے میں آگاہ کر دیا ہے۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد نے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ جلسہ گاہ کو فوراً خالی کر دیا جائے۔ دوسری طرف، 26 نمبر چونگی پر جلسہ شرکاء نے جاری کردہ روٹ کی خلاف ورزی کی۔ ذرائع کے مطابق پولیس کی جانب سے روکے جانے پر جلسے کے شرکاء نے پتھراؤ کیا، جس کے نتیجے میں متعدد پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔