لاہور: اداروں کی بڑی کامیابی، انسانی اسمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی گروہ قانون کے شکنجے میں آگیا۔ انٹیلی جنس ایجنسیوں کی نشاندہی پر ایف آئی اے لاہور سرکل نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ کے بین الاقوامی نیٹ ورک کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ یہ نیٹ ورک سادہ لوح لوگوں کو بیرون ملک روزگار کے جھانسے دے کر دھوکہ دہی کے ذریعے لاکھوں روپے لوٹنے میں ملوث تھا۔ گروہ جعلی دستاویزات تیار کرنے میں مہارت رکھتا تھا اور اس کا اپنا پرنٹنگ پریس تھا جہاں مختلف ممالک کی جعلی دستاویزات تیار کی جاتی تھیں۔ مختلف ممالک میں سیاسی پناہ حاصل کرنے والے افراد بھی اس گروہ سے مدد لیتے رہے۔ نیٹ ورک کا انٹرنیشنل مافیا گروپوں سے بھی رابطہ ہونے کا انکشاف ہوا۔ تفتیش کے دوران پاکستان کو بدنام کرنے کی بھارتی سازش بھی بے نقاب ہوگئی، اور اس میں بھارتی اور افغانی باشندے مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے ہیں۔