واشنگٹن: امریکہ میں عالمی سطح پر مشہور اور معتبر ماہر نجوم ایلن لچٹ مین، جو نوسٹراڈیمس کے ہم پلہ سمجھے جاتے ہیں، نے نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے بارے میں پیش گوئی کی ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق، ایلن لچٹ مین نے اپنی پیش گوئی کے لیے تاریخی انڈیکس ماڈل کا استعمال کیا ہے، جسے وہ “وائٹ ہاؤس کی چابیاں” کہتے ہیں۔ اس ماڈل کے ذریعے، وہ پچھلے 10 میں سے 9 انتخابات کی درست پیش گوئیاں کر چکے ہیں۔ ایلن لچٹ مین، جو کہ امریکہ کے سب سے مستند ماہر نجوم سمجھے جاتے ہیں، نے 2024 کے صدارتی انتخاب میں کامیاب ہونے والے امیدوار کے بارے میں اپنی حتمی پیش گوئی فراہم کی ہے۔ نیو یارک ٹائمز کے مطابق، 77 سالہ ایلن لچٹ مین نے کہا کہ جولائی میں جو بائیڈن کی دستبرداری کے بعد، ڈیموکریٹک پارٹی کی نامزد امیدوار کملا ہیرس اپنے سخت حریف ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست دیں گی۔ ماہر نجوم نے بتایا کہ ان کے تاریخی انڈیکس ماڈل “وائٹ ہاؤس کی چابیاں” کی تعداد 13 ہے، جن میں سے 8 کملا ہیرس کے حق میں ہیں، جبکہ صرف 3 ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف اشارہ کرتی ہیں۔