برازیل — امریکی اسٹار کم کارڈیشین کی طرح نظر آنے کے لیے ایک ملین ڈالر کی کاسمیٹک سرجریز پر خرچ کرنے والی برازیلین انفلوئنسر کو ان سرجریز نے بانجھ بنا دیا ہے۔ بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، جینیفر پامپلونا نامی برازیلین انفلوئنسر نے بتایا ہے کہ کاسمیٹک سرجریز میں استعمال ہونے والے ایک مواد نے انہیں بانجھ کر دیا ہے۔ جینیفر پامپلونا نے کہا کہ انہیں کم کارڈیشین بہت پسند ہیں اور وہ ان کی طرح نظر آنے کی خواہاں تھیں، اسی شوق میں انہوں نے متعدد سرجریز کروائیں۔ ان سرجریز نے انہیں خوبصورتی تو فراہم کی لیکن ماں بننے سے روک دیا۔
پامپلونا نے دیگر لوگوں کو کاسمیٹک سرجری سے پرہیز کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ انہوں نے ہمیشہ ماں بننے کا خواب دیکھا تھا، لیکن اب وہ خود کو اس خواب کو پورا کرنے سے قاصر محسوس کرتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صحت میں بہتری تو آئی ہے، مگر وہ ذہنی طور پر شدید اذیت میں ہیں کیونکہ انہیں کبھی یہ یقین نہیں تھا کہ وہ ماں نہیں بن سکیں گی۔ یہ ان کی زندگی کا سب سے بڑا خواب تھا، اور اب اس خواب کی محرومی نے انہیں بہت زیادہ متاثر کیا ہے۔
انسٹاگرام پر ایک ملین فالوورز رکھنے والی جینیفر پامپلونا نے 17 سال کی عمر میں اپنی پہلی کاسمیٹک سرجری کروائی اور بعد میں سرجری کی عادت میں مبتلا ہو گئیں۔ انہوں نے اس شوق میں اپنے جسم اور چہرے پر 30 سے زائد مختلف سرجریز کروائیں۔