راولپنڈی۔دوسرے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں بنگلا دیش کے خلاف پاکستان ٹیم 172 رنز پر ڈھیر ہوگئی، خراب روشنی کے باعث چوتھے روز کھیل کے اختتام پر مہمان ٹیم نے بغیر کسی نقصان 42 رنز بنا لیے۔قومی ٹیم نے 9 رنز 2 وکٹوں کے نقصان پر چوتھے روز کھیل کا آغاز کیا تو 47 کے مجموعی اسکور پر اوپنر صائم ایوب 20 رنز بنا کر تسکین احمد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ اس کے بعد کپتان شان مسعود 62 کے مجموعی اسکور پر 28 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔کپتان مسعود کے بعد تجربہ کار بلے باز بابر اعظم بھی خاص کارکردگی نہیں دکھا سکے اور 11 رنز بنا کر پویلین کی راہ لی۔ بابراعظم پوری سیریز میں اچھا کھیل پیش نہیں کر سکے۔نائب کپتان سعود شکیل 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان 43 رنز کی اننگز کھیل کر ہمت ہار گئے اور حسن محمود کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔ 136 کے مجموعی اسکور پر محمد علی صفر پر پویلین لوٹ گئے۔سلمان علی آغا جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 47 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ ابرار احمد 2 اور میر حمزہ 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ قومی ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی نصف سنچری نہیں بنا سکا۔بنگلا دیشی بولر حسن محمود نے پانچ وکٹیں حاصل کیں جبکہ ناہید رانا نے 4 اور تسکین احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔بنگلہ دیش نے بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے 47رنز بنا لئے ہیں اور انہیں جیت کے لئے 147 رنز درکار ہیں اور آج منگل کھیل کا آخری دن ہے ،بنگلہ دیش کے لئے یہ آسان ترین ہدف ہے اور کامیاب ہونے کے قریب ہے ۔