اسلام آباد۔ حکومت اور احتجاجی ملازمین کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں، یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن بند نہیں ہوں گے اور قانون سازی مشاورت کے ساتھ کی جائے گی۔ وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے وفد کے ساتھ ایک طویل اجلاس کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کو بند کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ سرکاری ملازمین کے مفادات کی حفاظت کی جائے گی۔ اس ملاقات میں ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن اور سیکرٹری صنعت و پیداوار بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر نے وضاحت کی کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی بندش پر کوئی غور نہیں ہو رہا، بلکہ اس کی تنظیم نو کے مختلف ممکنہ طریقے پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے سبسڈی کے نئے طریقہ کار پر کام کیا جا رہا ہے اور حکومت کی طرف سے یو ایس سی کو بند کرنے کے لیے کوئی یکطرفہ اقدام نہیں اٹھایا جائے گا۔ رانا تنویر حسین نے یہ بھی کہا کہ تمام فیصلے ملازمین اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کیے جائیں گے اور تمام سرکاری ملازمین کے مفادات کی حفاظت یقینی بنائی جائے گی۔