راولپنڈی۔ ہوم ڈیپارٹمنٹ نے اڈیالہ جیل کے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔ یہ نوٹس 29 فروری کو جیل میں قیدیوں کے درمیان تصادم کے واقعے پر جاری کیا گیا۔ نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ قیدی نے اینٹوں کے حملے سے دیگر قیدیوں کو زخمی کیا اور ایک کو ہلاک کر دیا تھا۔ تحقیقاتی رپورٹ میں سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کی غفلت اور لاپرواہی ثابت ہوئی ہے، جس میں 5 ذہنی بیمار قیدیوں کو ایک ہی جگہ رکھنے کے باعث جیل قوانین کی خلاف ورزی کی گئی۔ محمد اکرم ذہنی بیمار قیدیوں کے لیے مناسب اقدامات کرنے اور انہیں الگ سیل میں رکھنے میں ناکام رہے، اور ملزم کی تلاشی کے دوران پلاسٹک پیالہ اور ہینڈل تلاش کرنے میں بھی ناکام رہے۔ نوٹس کے مطابق، محمد اکرم نے جیل قوانین کے دفعات 435، 401، 436، 442، 1095 ایف کی خلاف ورزی کی۔ محمد اکرم جیل میں ایمانداری اور سنجیدگی کے ساتھ ڈیوٹی انجام دینے میں ناکام رہے۔ انکوائری کمیٹی نے ان کی برخاستگی اور بھاری جرمانے کی سفارش کی ہے، اور ہوم ڈیپارٹمنٹ نے محمد اکرم سے شوکاز نوٹس کا جواب 7 دنوں میں طلب کر لیا ہے۔