واشنگٹن۔سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینئر جج جسٹس شاہد وحیدنےاعلیٰ سطحی وفد کے ساتھ واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے کا دورہ کیا ،امریکہ میںنئے تعینات ہونے والے پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے سینئر جج جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میںاعلیٰ سطحی وفد کا استقبال کیا۔وفد میں لاہور، سندھ، پشاور اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے معزز ججز صاحبان ، ضلعی عدلیہ کے ججز اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل شامل تھے۔
مسز مارٹینا پولاسک ، سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل سنٹر برائے تنازعات سرمایہ کاری ورلڈ بنک ، زمرک خان اور امریکی محکمہ تجارت کے کمرشل لا ڈویلپمنٹ پروگرام کے دیگر ممبران بھی وفد کے ہمراہ تھے۔ یہ اعلیٰ وفد اس وقت امریکہ کے دورے پر ہے جس کے دوران وہ اپنے ہم منصبوں سے ملاقات کر رہا ہے تاکہ ملکی اور سرحد پار تنازعات کے تصفیے کے ماحول کو مضبوط بنانے، معاہدوں کے نفاذ کو بہتر بنانے، عدالتوں میں زیر التوا کیسز کی تعداد کو کم کرنے اور انصاف تک موثر رسائی کو یقینی بنانے کے لیے علم اور مہارت کا تبادلہ خیال کیا جا سکے۔
وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان کثیر جہتی تعلقات کو مضبوط بنانے، بہتر خدمات اور انصاف کی فراہمی کے لیے استعداد کار میں اضافے کے لیے اعلیٰ سطح کے تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا۔سفیر پاکستان نے اس طرح کے تبادلوں کو حکومتی سطح پر روابط و تعاون کی ایک بہترین مثال قرار دیتے ہوئے مختلف سطحوں پر ان تبادلوں میں اضافے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ نظام انصاف کو بہتر بنانے اور قانونی اصلاحات کے حوالے سے مکمل طور پر استفادہ کیا جا سکے۔
اس موقع پر جسٹس شاہد وحید نے کہا کہ یہ امید اور خواب کا سفر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی قانونی برادری ملک میں ایک موثر نظام انصاف کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ مسز مارٹینا پولسیک نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان کے سینئر ججز اور قانونی برادری کے اراکین کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان قانون کے شعبے میں معلومات کے تبادلے اور مضبوط تعلقات کو فروغ دے گا۔پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کامیاب اور نتیجہ خیز دورے کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔