کراچی: پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی اُبھرتی ہوئی نوجوان اداکارہ لائبہ خان نے یہ کہنے والی خبروں پر ردعمل دیا ہے کہ انہوں نے پہلے سے شادی شدہ عرب شہری کے ساتھ رشتہ ازدواج میں بندھ گئی ہیں۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران لائبہ خان نے انکشاف کیا کہ کیریئر کے ابتدائی دنوں میں سوشل میڈیا پر ان کی شادی کی جھوٹی خبروں کا بازار گرم ہو گیا تھا، جس سے ان کے والد کافی پریشان ہو گئے تھے۔
لائبہ خان کے مطابق، ان خبروں میں دعویٰ کیا گیا کہ انہوں نے سعودی عرب یا کسی دوسرے عرب ملک کے شہری سے شادی کر لی ہے۔اداکارہ نے کہا کہ خبروں میں یہ بھی بتایا گیا کہ مذکورہ شخص پہلے ہی شادی شدہ ہے اور وہ پیسوں کی خاطر اس کی دوسری یا تیسری بیوی بنی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ بھی کہا گیا کہ انہوں نے شادی شدہ عرب شہری سے چھپ کر شادی کی ہے۔لائبہ خان نے بتایا کہ اس جھوٹی خبر کے پھیلنے کے بعد، ان کے والد کے دوستوں نے انہیں پیغامات بھیجے اور ان کی شادی سے متعلق سوالات کیے۔
اداکارہ نے کہا کہ ان کے والد بہت پریشان ہو گئے تھے، جس پر انہوں نے انہیں بتایا کہ یہ خبریں بے بنیاد ہیں، اور پاکستان کی کئی اداکاراؤں کے بارے میں بھی جھوٹی خبریں گردش کرتی ہیں۔ انہوں نے اپنے والد کی پریشانی کم کرنے کے لیے انہیں یوٹیوب پر چند اداکاراؤں کی شادیوں سے متعلق جھوٹی خبروں کے نمونے بھی دکھائے۔انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے اپنے والد کو سمجھایا کہ وہ ان جھوٹی خبروں پر زیادہ توجہ نہ دیں، کیونکہ شوبز انڈسٹری میں ایسی باتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔