اسلام آباد: سعودی حکومت نے بیماری کے شکار افراد کے حج کرنے پر پابندی لگا دی ہے اور اعلان کیا ہے کہ صرف صحتمند اور تندرست افراد ہی حج کے لیے جا سکیں گے۔
سعودی وزارت حج و عمرہ نے پاکستان کی وزارت مذہبی امور کو حج 2025ء کے حوالے سے ایک ہیلتھ ایڈوائزری ارسال کی ہے جس میں پاکستان کو مطلع کیا گیا ہے کہ شدید بیماریوں میں مبتلا افراد سفرِ حج کے لیے نہیں جا سکیں گے۔
وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے بتایا کہ سعودی حکومت نے اپنے مراسلے میں کہا ہے کہ موسمی حالات کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے صرف صحت مند اور مضبوط عازمین کو حج کی اجازت دی جائے گی۔ گردہ، دل، پھیپھڑے، جگر اور کینسر کے مریضوں کو حج پر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ڈیمنشیا اور متعدی بیماریوں جیسے کہ ٹی بی، تپ دق، اور کالی کھانسی کے مریضوں کو بھی حج پر جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس کے علاوہ، 12 سال سے کم عمر بچوں اور حاملہ خواتین کو بھی حج کی اجازت نہیں ہوگی۔ترجمان کے مطابق، حج کرنے والے عازمین کو گردن توڑ بخار، کورونا، موسمی انفلوئنزا، اور پولیو ویکسین لگوانا ضروری ہوگا۔