اسلام آ باد۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر چینی سائنسدان لیو شنمن کو دوطرفہ تعلقات اور سائنسی ترقی میں نمایاں خدمات انجام دینے پر تمغہ قائد اعظم ایوارڈ سے نوازنے کا اعلان کر دیا۔
ننگبو یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف نیو ڈرگ ٹیکنالوجیز کے چیف سائنسدان اور چین کی نیشنل ایڈمنسٹریشن آف ٹریڈیشن آف ٹریڈیشنل چائنیز میڈیسن کے تحت چین پاکستان تعاون مرکز برائے ٹریڈیشنل چائنیز میڈیسن (ایس پی سی سی ٹی سی ایم)کے شریک ڈائریکٹر پروفیسر لیو کو یہ قومی اعزاز ٹریڈیشنل میڈیسن میں چین پاکستان تعاون کو فروغ دینے میں ان کے کلیدی کردار کے اعتراف میں دیا گیا۔
اس اعلان میں پروفیسر لیو کی 2021 میں ایس پی سی سی ٹی سی سی ایم کے قیام کے بعد سے نمایاں کامیابیوں کو اجاگر کیا گیا ہے جو قومی سطح پر پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام ہے۔ اس مرکز نے تحقیق و ترقی، تعلیم، طبی خدمات اور روایتی ادویات کی مصنوعات کی پیداوار میں مصروف 30 سے زائد چینی اور پاکستانی کاروباری اداروں کے درمیان مفید بین الاقوامی خاص طور پر روایتی چینی ادویات(ٹی سی ایم) اور یونانی طب کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا ہے ۔
پروفیسر لیو کی کوششوں سے چینی اداروں جیسے انسٹی ٹیوٹ آف میڈیسنل پلانٹ ڈیولپمنٹ اور چائنیز اکیڈمی آف میڈیکل سائنسز کے لیبارٹری اینیمل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ، انسٹی ٹیوٹ آف ایگریکلچرل پروڈکٹس پروسیسنگ، چائنیز اکیڈمی آف ایگریکلچرل سائنسز، ہنان یونیورسٹی آف چائنیز میڈیسن اور سنکیانگ اویگور میڈیکل اینڈ فارماسیوٹیکل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ وغیرہ کے درمیان شراکت قائم ہوئی۔
ان اداروں نے پاکستانی ہم منصبوں جیسے جامعہ کراچی میں انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز(آئی سی سی بی ایس))، ہمدرد یونیورسٹی وغیرہ کے ساتھ تعاون کیا۔
انہوں نے مل کر قابل ذکر کارنامے انجام دیئے ہیں جن میں 20 سے زائد پاکستانی جڑی بوٹیوں کی ادویات کی ابتدا کی تصدیق، 50 سے زائد اجزا کے فارماکولوجیکل اثرات کا جائزہ لینا اور بین الاقوامی جرائد میں 30 سے زائد تعلیمی مقالے شائع کرنا شامل ہیں۔