پاکستان کے خلاف پہلے ون ڈے میں شاندار سینچری بنانے والے نیوزی لینڈ کے مڈل آرڈر بیٹر مارک چیپمین انجری کا شکار ہو گئے ہیں اور اس وجہ سے وہ سیریز کے دوسرے میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔
میڈیا ذرائع کے مطابق کیوی ٹیم کو پاکستان کے خلاف سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ سے بڑا نقصان پہنچا ہے، کیونکہ مارک چیپمین انجری کے باعث دوسرے میچ میں شرکت نہیں کر پائیں گے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان اس سیریز کا دوسرا ون ڈے کل کھیلا جائے گا، اور تین میچز کی سیریز میں نیوزی لینڈ کو 0-1 کی برتری حاصل ہے۔
مارک چیپمین نے پاکستان کے خلاف پہلے میچ میں 132 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی، جس میں انہوں نے 6 چھکے اور 13 چوکے لگائے تھے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق مارک چیپمین دائیں پاؤں کے ہیم اسٹرنگ میں چوٹ لگنے کے باعث انجری کا شکار ہو گئے ہیں۔
مارک چیپمین پہلے ون ڈے میں فیلڈنگ کے دوران زخمی ہوئے تھے، جس کے بعد ان کا ایم آر آئی اسکین کرایا گیا، جس میں گریڈ ون ٹئیر کی انجری کی تصدیق ہوئی۔
نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق مارک چیپمین کی جگہ ٹم سائفرٹ کو اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔